غزہ (ویب ڈیسک)غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں اور فائرنگ کے واقعات کا سلسلہ مکمل طور پر نہیں رک سکا، اسرائیلی فوج نے شہری پولیس کے ایک مرکز کو نشانہ بنا دیا ، عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے طیاروں نے غزہ میں شہری پولیس کے ایک مرکز پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں 9 فلسطینی شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔
غزہ کی وزارت داخلہ نے اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل جان بوجھ کر پولیس فورس کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ محصور علاقے میں بدامنی اور افراتفری پھیلائی جاسکے ، وزارت داخلہ کے مطابق حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار جنگ کے دوران شہریوں کی حفاظت اور بنیادی نظم و نسق برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں ایسے عناصر کو نشانہ بنایا گیا جو اسرائیلی سرزمین اور یہودی آبادکاروں پر حملوں میں ملوث رہے ہیں ، واضح رہے کہ اسرائیلی حکام غزہ میں حماس کے زیر انتظام پولیس فورس کے بعض اہلکاروں کو مسلح تنظیم سے وابستہ قرار دیتے رہے ہیں، جبکہ فلسطینی حکام پولیس کو بنیادی طور پر شہری نظم و نسق برقرار رکھنے والی فورس قرار دیتے ہیں ، یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں اور فائرنگ کے واقعات مکمل طور پر نہیں رک سکے ہیں۔

