کوئٹہ میں 28واں دفاعی جائزہ اجلاس، اہم علاقوں میں مرحلہ وار سیف سٹی منصوبہ فعال کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کی مجموعی صورتحال سے متعلق کوئٹہ میں 2 روزہ 28 واں دفاعی جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا ، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر کوئٹہ نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی ، اجلاس میں صوبائی و وفاقی اداروں کی مشترکہ کوششوں اور صوبے کیلئے مزید اقدامات کرنے پر غور کیا گیا، بلوچستان کے درخشندہ مستقبل، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کی فلاح و بہبود کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اجلاس میں کوئٹہ سمیت اہم علاقوں میں مرحلہ وار سیف سٹی پروجیکٹ فعال کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ یہ اجلاس باقاعدگی سے ہو رہا ہے جس سے صوبے میں امن و استحکام کیلئے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں ، وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق ہر تین ہفتوں بعد ہونے والے اجلاس کا مقصد سابقہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینا اور صوبے میں امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

اجلاس میں وفاقی و صوبائی اداروں اور محکموں کے علاوہ سکیورٹی فورسز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی ، رواں ماہ فتنہ الہندستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔