قطری وزیراعظم تہران پہنچ گئے، آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی پر ایران سے اہم مذاکرات

تہران (ویب ڈیسک) قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سرکاری دورے پر تہران پہنچے، جہاں انہوں نے ایرانی قیادت سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور خطے میں جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطری وزیراعظم نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی تازہ صورتحال، کشیدگی میں کمی اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں صاف کرنے کے لیے ایران اور قطر کے مشترکہ منصوبے پر بھی بات چیت کی گئی ، دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت یقینی بنانے کے لیے عارضی بحری راہداری قائم کرنے کے ممکنہ انتظام پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے اور خطے میں سلامتی و استحکام کے لیے کوششیں تیز کرنے کے امور بھی زیر بحث آئے ، واضح رہے کہ قطر اور ایران کے درمیان یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی شدید متاثر ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل اور ایل این جی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے، جہاں سے دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل اور ایل این جی کی ترسیل ہوتی ہے۔