ویمنز ایشیا کپ ٹی20 کی ٹرافی کی رونمائی، پاکستان اور بھارت 5 ستمبر کو مدمقابل ہوں گے

دبئی (ویب‌ڈیسک ) ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔ دبئی میں ہونے والی تقریب میں ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کی کپتانوں نے شرکت کی ، ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں پاکستان، بھارت، بنگلادیش، سری لنکا، تھائی لینڈ، انڈونیشیا، ہانگ کانگ اور میزبان متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔

ایونٹ کے تمام 15 میچز دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ویمنز ایشیا کپ کا آغاز کل تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کے درمیان میچ سے ہوگا ، قومی ٹیم اپنا پہلا میچ یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی، جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 5 ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گی ، ایشیا کپ کا پہلا سیمی فائنل 10 ستمبر جبکہ دوسرا سیمی فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا فائنل 13 ستمبر بروز اتوار دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔