حوثیوں کا سعودی عرب کا مسلح ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

صنعاء (ویب ڈیسک) یمن کے حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے جنگجوؤں نے سعودی عرب کی ملکیت ایک مسلح ڈرون مار گرایا ہے ، عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ سعودی ڈرون یمن کے صوبے البیضا میں مشکوک سرگرمی انجام دے رہا تھا۔

یحییٰ سریع کے مطابق سعودی عرب کے زیرِ ملکیت ونگ لونگ ٹو مسلح جاسوس ڈرون کو مناسب ہتھیار استعمال کرتے ہوئے نشانہ بنایا گیا, گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ تیسرا ڈرون ہے جسے حوثیوں نے مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے ، سعودی عرب کی جانب سے حوثیوں کے دعوے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جس کے باعث ڈرون مار گرائے جانے کے دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

واضح رہے کہ یمن کے حوثیوں نے جولائی میں اہم تجارتی آبی گزرگاہ باب المندب میں سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا ، حوثیوں نے ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ سعودی عرب نے یمن کے ان علاقوں کی ناکہ بندی کر رکھی ہے جو حوثیوں کے کنٹرول میں ہیں۔

حوثیوں کا یہ اقدام خطے میں پہلے سے جاری کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جہاں بحیرۂ احمر اور باب المندب سے گزرنے والی تجارتی و بحری سرگرمیاں مسلسل سکیورٹی خدشات کی زد میں ہیں۔