دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے کومبنگ آپریشن تیز کردیے ۔کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) حکام نے راولپنڈی ، چکوال ، ننکانہ صاحب سے پانچ مشتبہ افراد گرفتار کرلیے ۔
حکام کے مطابق راولپنڈی سے 2، ننکانہ صاحب لاری اڈا سے 2 مشتبہ افراد گرفتار ہوئے جبکہ چکوال سے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے ۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر مختلف اضلاع میں 13 مقامات پر کومبنگ اینڈ سرچ آپریشن کیے گئے ، کارروائیوں کے دوران 355 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق جبکہ 664 افراد سے پوچھ گچھ کے دوران 5 مشتبہ افراد کی نشاندہی ہوئی ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف 6 مقدمات درج کر کے انہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ ریاست دشمن عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔