پی ٹی اے اور میٹا کے اشتراک سےانسٹاگرام پر “ٹین اکاؤنٹس” فیچر کا باقاعدہ آغاز

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے میٹا کے تعاون سے انسٹاگرام کا نیا سیفٹی فیچر “ٹین اکاؤنٹس” متعارف کرایا ہے جو نوجوان صارفین کے لیے ایک محفوظ اور مثبت آن لائن تجربہ یقینی بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ بدھ کوپاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے جاری بیان کے مطابق اس فیچر کے تحت 16 سال سے کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس خودکار طور پر “ٹین اکاؤنٹس” میں تبدیل ہو جائیں گے، جس سے انہیں غیر ضروری رابطوں، ناموزوں مواد اور ممکنہ آن لائن خطرات سے تحفظ ہوگا۔

نیز نوجوانوں کو محفوظ، تخلیقی اور بااعتماد ڈیجیٹل ماحول میسر ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں میٹا، یونیسف، این سی آر سی اور بچوں کے تحفظ سے متعلق مختلف اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران آن لائن سیفٹی ٹولز، شکایات کے اندراج کے طریقہ کار اور نوجوانوں کی ڈیجیٹل بہبود سے متعلق آگاہی سیشنز کیے گئے۔

اس موقع پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ر ) حفیظ الرحمٰن، نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے قیام کے لیے پرعزم ہے، اور “ٹین اکاؤنٹس” کا اجرا پاکستان کے نوجوانوں کو آن لائن تحفظ کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے میٹا کی جانب سے جنوبی ایشیا کے لیے ہیڈ آف سیفٹی پالیسی، ڈاکٹر پریانکا بھلا نے پی ٹی اے کے ساتھ مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ میٹا کے سیفٹی اقدامات دنیا بھر کے لاکھوں نوجوانوں کو، بشمول پاکستان، ایک محفوظ اور مثبت آن لائن تجربہ فراہم کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ پی ٹی اے عالمی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ساتھ مل کر بچوں کے آن لائن تحفظ، ڈیجیٹل شعور اور ذمہ دارانہ آن لائن رویوں کے فروغ کے ضمن میں مسلسل کوشاں ہے۔