واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پینٹاگون میں نائن الیون حملوں کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا 11 ستمبر کے حملوں کو کبھی نہیں بھول سکتا ، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملوں میں ہزاروں افراد مارے گئے تھے، جبکہ امریکا آج بھی اسی عزم اور وفاداری کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آج بھی جاری ہے اور امریکا کے پاس دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ، ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا ، ان کے مطابق امریکا آج پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔
ایرانی جوہری پروگرام پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا ، ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دنیا بھر میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گا۔

