ساؤتھ ایشین ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹرز کونسل کا اجلاس ، خطے میں ڈیجیٹل تعاون، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور بہتر ریگولیٹری طریقہ کار پر تفصیلی بات چیت

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی میزبانی میں سائوتھ ایشین ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹرز کونسل (سیٹرک) کا 26واں اجلاس کامیابی سے اختتام پزیر ہو گیا۔ یہ تین روزہ بین الاقوامی اجلاس 5 سے 7 نومبر 2025ء تک پی ٹی اے کی میزبانی میں ایشیا پیسفک ٹیلی کمیونٹی (اے پی ٹی) کے تعاون سے منعقد کیا گی۔ اس اجلاس میں سائوتھ ایشیا کے مختلف ممالک کے ریگولیٹری اداروں کے سربراہان، پالیسی ایکسپرٹس اور انڈسٹری کے نمایاں افراد نے شرکت کی۔ شرکا نے خطے میں ڈیجیٹل تعاون، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور بہتر ریگولیٹری طریقہ کار پر تفصیلی بات چیت کی۔

جمعہ کو پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں “ٹوکیو اسٹیٹمنٹ 2025” کا جائزہ لیا گیا جس کا مقصد سائوتھ ایشیا میں پائیدار، قابل رسائی اور منصفانہ ڈیجیٹل ترقی کو فروغ دینا تھا۔ مختلف مباحثوں اور ورکنگ گروپس کے سیشنز میں نئی ٹیکنالوجیز، یونیورسل کنیکٹیویٹی، سپیکٹرم کے بہتر استعمال اور ریگولیٹری جدت جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران رکن ممالک نے ایس اے ٹی آر سی ایکشن پلان فیز IX کی رپورٹیں پیش کیں اور آئندہ کے لیے فیز X ایکشن پلان کی منظوری دی گئی جس کا مقصد خطے میں ڈیجیٹل ترقی اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

پی ٹی اے کی اس کامیاب میزبانی سے پاکستان کا کردار مزید نمایاں ہو کر سامنے آیا۔ پی ٹی اے نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا کہ پاکستان خطے میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، پالیسی ہم آہنگی اور ٹیکنالوجی کی شمولیت کے فروغ میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے تاکہ سائوتھ ایشیا کے لیے ایک ڈیجیٹل اور مضبوط مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔