پاکستان کی ڈیجیٹل بیک بون تیزی سے مضبوط ہو رہی ہے، وفاقی وزیر شزا فاطمہ کی ویون سی ای او سے اہم ملاقات

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ کی ویون (VEON) کے سی ای او کان ترزی اوغلو سے اہم ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل بیک بون اور خطے میں کنیکٹیویٹی میں توسیع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کراچی سے چین تک کنیکٹیویٹی کو مسلسل مضبوط بنا رہا ہے ، وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے نئے فائبر کوریڈورز کے ذریعے تاجکستان، ازبکستان اور بحیرہ کیسپین کی سمت علاقائی ڈیٹا ٹرانزٹ پوٹینشل کو مضبوط کیا ہے۔ ملاقات میں اس پر بھی گفتگو ہوئی کہ پاکستان کی انٹرنیشنل کیپیسٹی 600–650 Gbps تک پہنچ چکی ہے جبکہ آئندہ سال نمایاں اپ گریڈز متوقع ہیں۔

شزا فاطمہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی نئی سب میرین کیبلز — جن میں فرانس سے سنگاپور تک تیز رفتار کیبل سسٹم شامل ہے — عالمی کنیکٹیویٹی کو نئی سطح پر لے جا رہی ہیں۔ دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ نئے روٹس نیٹ ورک میں زیادہ ریزیلینس اور بیک اپ صلاحیت پیدا کریں گے ، ملاقات میں اس بات پر بھی تبادلہ خیال ہوا کہ 200 ملین کی آبادی کے ساتھ پاکستان میں کلاؤڈ، ڈیٹا سینٹرز، 5G اور حقیقی AI یوز کیسز — خصوصاً ہیلتھ کیئر اور انڈسٹری میں — بے پناہ ترقی کے امکانات رکھتے ہیں۔