راولپنڈی میں منظم ٹریفک کیلئے تین روزہ خصوصی مہم کا آغاز، لائن لین اور زیبرا کراسنگ کی پاسداری پر زور

راولپنڈی(کرائم رپورٹر )سی پی او راولپنڈی کے احکامات پرسی ٹی او راولپنڈی منظم ٹریفک کے حصول کیلئے کوشاں۔ ضلع بھر میں لائن لین،سٹاپ لائن و زیبرا کراسنگ کے حوالے سے3روزہ خصوصی مہم کا آغاز۔ روڈز کی خوبصورتی لائن لین و سٹاپ لائن ڈسپلن میں ہے۔تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی سید خالد ہمدانی کے خصوصی احکامات پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم ضلع راولپنڈی میں منظم ٹریفک کیلئے متحرک ہو گئے ضلع بھر میں منظم ٹریفک کیلئے حصول کیلئے لائن لین،سٹاپ لائن و زیبرا کراسنگ کی پاسداری کے حوالے سے 3روزہ خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا۔

راولپنڈی کے چوک چوراہوں و شاہراہوں پر آگاہی فراہم کرنے کیلئے لیڈیز ٹریفک سٹاف و ایجوکیشن ٹیم کو تعینات کر دیا گیا۔روڈ یوزرز میں منظم ٹریفک ڈسپلن کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے پمفلٹ تقسیم کرنے کیساتھ پبلک ایڈریس سسٹم کے ذریعے موٹرسائیکل سواروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ دوران ڈرائیونگ انتہائی بائیں لائن کا استعمال کریں جبکہ ٹرن لینے کیصورت میں دائیں لائن کا استعمال کریں۔روڈ ڈسپلن کے حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ شہر میں بے ہنگم ٹریفک کی سب سے بڑی وجہ لین لائن ڈسپلن کیخلاف ورزی ہے، شاہراہوں کی خوبصورتی لائن لین و سٹاپ لائن ڈسپلن میں ہے، لین لائن،سٹاپ لائن ڈسپلن مہذب قوموں کی پہچان ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ لائن لین و سٹاپ لین کی آگاہی مہم کے بعد خلاف ورزی پر باقاعدہ طور پر کاروائی کی جائے گی۔