راولپنڈی( کرائم رپورٹر )سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی کے وژن کے مطابق ضلع بھر میں منظم ٹریفک کے قیام کے لیے تین روزہ ٹریفک آگاہی مہم جاری ہے۔ مہم کے دوران شہریوں کو لائن لین، سٹاپ لائن، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال کے حوالے سے تربیت دی جا رہی ہے سی پی او راولپنڈی نے بتایا کہ اس مہم کا مقصد سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنا، ٹریفک کے رش کو کم کرنا اور حادثات کی روک تھام کرنا ہے۔ شہریوں کو ٹریفک قوانین میں ترامیم، جرمانے اور سزاؤں کے بارے میں بھی بریف کیا جا رہا ہے۔
ڈی ٹی او فرحان اسلم نے کہا کہ منظم ٹریفک کے لیے موٹر سائیکل سواروں کو انتہائی بائیں لین استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سی ٹی او راولپنڈی کے مطابق ضلع میں نظم و ضبط کے قیام سے حادثات میں 70 فیصد کمی واقع ہوئی ہے سی پی او نے شہریوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی شرکت سے راولپنڈی کی سڑکوں پر ٹریفک نظام بہتر ہو رہا ہے اور اس سے عوام کو محفوظ اور آسان سفر ممکن ہو رہا ہے۔ مہم کے لیے پبلک ایڈریس سسٹم، پمفلٹس، سوشل اور دیگر میڈیا کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری آگاہ ہو سکیں.

