اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی تکنیکی نمائش DEWTE (ڈیزاسٹر ارلی وارننگ ٹیک ایکسپو) کا انعقاد کر رہی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کی ترغیب دینا ہے دو روزہ یہ نمائش کل سے این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں شروع ہوگی اور 11 دسمبر تک جاری رہے گی۔ نمائش میں پیشگی آگاہی، تیاری کے اقدامات اور جدید تکنیکی حل پر زور دیا جائے گا۔
نمائش کے دوران نوجوانوں کو اپنی ایجادات، ماڈلز اور سافٹ ویئر کی نمائش کا موقع ملے گا۔ مختلف مقابلوں میں کامیاب ہونے والے نوجوانوں کو نقد انعامات اور انٹرنشپ فراہم کی جائیں گی مصنوعی ذہانت، ریموٹ سینسنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ اور روبوٹکس کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان بھرپور حصہ لے رہے ہیں اور اپنے منصوبوں کو متعلقہ اداروں کے نمائندگان کے سامنے پیش کریں گے۔ این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی بہترین ایجادات پاکستان میں آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عملی طور پر استعمال کی جائیں گی یہ اقدام این ڈی ایم اے کے جدید نظام قائم کرنے اور ملک میں آفات کے مؤثر انتظام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

