اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چودھری نے جمعرات کو کہا ہے کہ پاکستان سری لنکا کو حالیہ سائیکلون سے متاثرہ کمیونٹیز کی مدد کے لیے اضافی 200 ٹن انسانی ہمدردی کے امدادی سامان روانہ کرے گا وزیر نے کہا کہ یہ فیصلہ کولمبو میں سری لنکا کے حکام سے ملاقاتوں اور متاثرہ علاقوں کے جائزے کے بعد کیا گیا، جس میں یہ نتیجہ نکالا گیا کہ متاثرہ خاندانوں کی درمیانے مدت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مزید امداد ضروری ہے جنید چودھری نے بتایا کہ امدادی سامان بحری جہاز کے ذریعے بھیجا گیا ہے اور یہ 13 دسمبر تک سری لنکا پہنچنے کی توقع ہے۔
وزیر نے بتایا کہ اس قافلے میں خیمے، کمبل، لحاف، مچھر دانی، کیمپنگ لیمپ، چٹائیاں، لائف جیکٹس، پھولنے والے کشتی، پانی نکالنے کے پمپ، ادویات، دودھ کا پاؤڈر اور فوری استعمال کے لیے غذائی اشیاء شامل ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کے جہاز اور ہوائی وسائل سری لنکا میں جاری امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں اور ریسکیو، نقل و حمل اور ایمرجنسی آپریشنز میں مقامی حکام کے ساتھ قریبی تعاون کر رہے ہیں وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سری لنکا کا دورہ کیا تاکہ سائیکلون دیٹوا کے بعد پاکستان کی یکجہتی کا پیغام پہنچایا جا سکے۔ جنید چودھری نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کی انسانی اور انفراسٹرکچر کے نقصان سے بحالی میں مدد جاری رکھنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

