اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے ریلوے جناب محمد حنیف عباسی کی خصوصی ہدایات پر پاکستان ریلوے نے راولپنڈی ڈویژن کے عثمان کھٹر ریلوے اسٹیشن (ٹیکسلا–حویلیاں سیکشن) کے قریب ریلوے اراضی پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف مؤثر اور کامیاب انسدادِ تجاوزات آپریشن کیا آپریشن کے دوران ریلوے زمین پر قائم تمام غیر قانونی تعمیرات اور دکانوں کو مسمار کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں 56.62 مرلہ قیمتی ریلوے اراضی واگزار کرا لی گئی۔ واگزار کروائی گئی اراضی کی مالیت کروڑوں روپے ہے، جو پاکستان ریلوے کے قیمتی قومی اثاثوں میں شامل ہے یہ کارروائی پاکستان ریلوے کی پراپرٹی اینڈ لینڈ برانچ کی نگرانی میں انجام دی گئی، جس کا بنیادی مقصد ریلوے اراضی کا تحفظ، سرکاری املاک پر ناجائز قبضوں کا خاتمہ اور ریلوے اثاثوں کی مؤثر نگہداشت کو یقینی بنانا ہے۔
وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس موقع پر واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے اراضی پر کسی قسم کی تجاوزات ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ریلوے تجاوزات کے خلاف اپنی زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھے گا وزیرِ ریلوے کے مطابق راولپنڈی ڈویژن سمیت ملک بھر میں ریلوے زمینوں پر قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز اور مسلسل کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی، تاکہ قومی اثاثوں کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے پاکستان ریلوے عوام سے بھی اپیل کرتا ہے کہ وہ سرکاری املاک کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع متعلقہ ریلوے حکام کو دیں، تاکہ قومی وسائل کو محفوظ بنایا جا سکے

