راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایات پر آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے شیرپاؤ کالونی اور موہن پورہ کالونی میں غیر قانونی کمرشل تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران پراپرٹی نمبر 2، 2-اے اور پلاٹ نمبر 61 پر قائم غیر قانونی عمارات کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے بینک الفلاح، شو روم، زیرِ تعمیر عمارت سمیت دیگر غیر قانونی کمرشل پراپرٹیز کو سیل کر دیا گیا۔ یہ کارروائیاں پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2021 کے تحت عمل میں لائی گئیں۔
متعلقہ پراپرٹی مالکان عمران شیخ اور شیخ محمد مسعود نے بغیر منظوری اور این او سی حاصل کیے غیر قانونی تعمیرات کر کے قوانین کی خلاف ورزی کی تھی۔ آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے انفورسمنٹ اسکواڈ کو ہدایت کی ہے کہ تمام تجاوزات اور غیر قانونی رہائشی و کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بلاخوف و خطر اور بلاامتیاز سخت کارروائیاں جاری رکھیں۔ انہوں نے غیر قانونی عمارات کی منظوری، کمرشلائزیشن، کمپلیمنٹری نقشہ جات اور تعمیراتی منصوبوں کی فیس و چارجز سے متعلق جامع سروے کرنے اور آر ڈی اے کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں موجود غیر قانونی رہائشی و کمرشل عمارات کو ریگولرائز کرنے کے لیے اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آر ڈی اے منظم شہری ترقی اور مؤثر ریگولیٹری نظام کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اخلاقی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، اتھارٹی کے ساتھ تعاون کریں اور مستقبل میں نقصان سے بچنے کے لیے تجاوزات کو رضاکارانہ طور پر ختم کریں۔ یہ آپریشنز بلڈنگ انسپکٹر مختار احمد اور بلڈنگ سپرنٹنڈنٹ ارسلان شوکت کی نگرانی میں آر ڈی اے انفورسمنٹ عملے نے پولیس اسٹیشن وارث خان اور گنج منڈی کی پولیس کی معاونت سے انجام دیے۔ آر ڈی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوامی زمین کے تحفظ اور شہری منصوبہ بندی کے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

