اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے وزارتِ ریلوے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر ریلوے نے پاکستان ریلوے میں جاری اصلاحاتی اور ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی محمد حنیف عباسی نے ریلوے کی ڈیجیٹائزیشن، سیکیورٹی نظام کی بہتری، مسافروں کی سہولیات میں اضافے اور ایم ایل ون (ML-1) منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق پاکستان ریلوے کو جدید، مؤثر اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے جامع اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستان ریلوے میں اصلاحات، جدید اقدامات اور کارکردگی میں بہتری کو سراہا اور لاہور تا نارووال ٹرین کی اپ گریڈیشن پر وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نارووال ریلوے اسٹیشن کو مزید اپ لفٹ کرنے کی بھی درخواست کی تاکہ مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اس موقع پر وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے نارووال ریلوے اسٹیشن کی بہتری اور مزید ترقیاتی اقدامات کی یقین دہانی کرائی ملاقات کے اختتام پر دونوں وفاقی وزرا نے وزیراعظم کے وژن کے مطابق ریلوے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوام دوست بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

