ہمارے عقائد اور مذاہب مختلف ہو سکتے ہیں، مگر تمام انبیائے کرامؑ کی تعلیمات ایک جیسی ہیں .علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ ہمارے عقائد اور مذاہب مختلف ہو سکتے ہیں، مگر تمام انبیائے کرامؑ کی تعلیمات ایک جیسی ہیں جن میں صبر، امن، برداشت، تحمل اور حقوق و فرائض کی پاسداری شامل ہے، آج ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم ان تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ وہ یونیورسٹی میں منعقدہ کرسمس کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام مسیحی ملازمین کے اعزاز میں کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر ناصر نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ کے برگزیدہ پیغمبر ہیں اور قرآن مجید بھی ان کی عظمت و مقام کو واضح طور پر بیان کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک مکمل طور پر ایمان والے نہیں بن سکتے جب تک ہم تمام انبیاء کرامؑ کی رسالت اور تعلیمات کو نہ مانیں۔انہوں نے کہا آئیے آج ایک نئے عہد کا آغاز کریں، ہم انبیاءؑ کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں اپنائیں، نہ صرف اپنے فرائض کو پورا کریں بلکہ اپنے پڑوسیوں، معاشرے اور ہر انسان کے حقوق کا بھی احترام کریں جس میں حقیقی امن، محبت اور انسانیت کی کامیابی چھپی ہے ، کرسمس کی یہ تقریب یونیورسٹی کی مرکزی آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں اسی (80)سے زائد مسیحی ملازمین اور ان کے اہل و عیال شریک تھے۔ اس موقع پر یونائیٹڈ کونسل آف چرچز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، پاسٹر سیمسن سہیل نے بائبل سے منتخب آیات پڑھیں اور بین المذاہب ہم آہنگی، ملکی سلامتی، عالم انسانی معاشرے کی بھلائی پر روشنی ڈالی۔تقریب میں یونیورسٹی کے رجسٹرار، راجہ عمر یونس، فیکلٹی ممبران اور پرنسپل افسران بھی شریک تھے۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے شرکا اور بچوں کے ہمراہ کرسمس کیک کھاٹا۔