غیر قانونی سگریٹ تجارت کے خلاف حکومتی کارروائیوں کا خیر مقدم، مہم جاری رکھنے کا مطالبہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان ٹوبیکو کمپنی (پی ٹی سی) نے غیر قانونی سگریٹ تجارت کے خلاف حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حالیہ کارروائیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے پر زور دیا ہے میڈیا بریفنگ کے دوران پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے حکام نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران 17 ارب سے زائد غیر قانونی سگریٹ اور سگریٹ سازی میں استعمال ہونے والا خام مال ضبط کیا گیا، جو اس امر کا ثبوت ہے کہ غیر قانونی سگریٹ انڈسٹری غیر معمولی حد تک پھیل چکی ہے حکام کے مطابق غیر قانونی عناصر اب خفیہ مائیکرو پروڈکشن سائٹس قائم کر چکے ہیں، جو کھیتوں، رائس ملز اور زیرِ زمین فیکٹریوں میں کام کر رہی ہیں۔ ان غیر قانونی یونٹس کی وجہ سے قومی خزانے کو شدید ٹیکس نقصان کا سامنا ہے۔

پاکستان ٹوبیکو کمپنی نے زور دیا کہ ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے سگریٹ انڈسٹری کی مکمل سپلائی چین کو ریگولیٹ کرنا ناگزیر ہے، جس میں خام مال کی فراہمی، مینوفیکچرنگ، ترسیل اور ٹرانسپورٹ کی سخت نگرانی شامل ہو حکام نے نشاندہی کی کہ موجودہ حکومتی ٹیکس پالیسی کے باعث قانونی سگریٹ مہنگے ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں صارفین سستے غیر قانونی برانڈز کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے سے نہ صرف غیر قانونی تجارت میں اضافہ ہوا بلکہ سگریٹ سازی کے خام مال ایسیٹیٹ ٹو میٹریل کی اسمگلنگ میں بھی تیزی آئی کمپنی کے مطابق حکومت نے گزشتہ ایک سال میں 500 ٹن سے زائد ایسیٹیٹ ٹو میٹریل ضبط کیا، تاہم اس کے باوجود مارکیٹ میں ٹریک اینڈ ٹریس ٹیکس اسٹیمپ کے بغیر سگریٹ فروخت ہو رہے ہیں پاکستان ٹوبیکو کمپنی نے اس بات پر زور دیا کہ متوازن اور مؤثر ٹیکس پالیسی ہی معیشت کو مضبوط بنا سکتی ہے اور غیر قانونی تجارت کی حوصلہ شکنی ممکن ہے۔