ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے یونیورسٹی ٹاؤن متاثرین کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ نے یونیورسٹی ٹاؤن ہاؤسنگ اسکیم کے متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آر ڈی اے نے کہا کہ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی ہدایات کی روشنی میں متاثرین کے پلاٹس، پوزیشن، ڈویلپمنٹ اور دیگر تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اور بہت جلد حل کیا جائے گا۔ ڈی جی آر ڈی اے نے میٹروپولیٹن پلاننگ و ٹریفک انجینئرنگ، اسٹیٹ مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ آر ڈی اے افسران کو ہدایت کی کہ عوام الناس کے مسائل کے حل کے لیے بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور غیر قانونی عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی ٹاؤن ہاؤسنگ اسکیم کے معاملے پر قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھی باقاعدہ خط ارسال کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی آر ڈی اے نے مزید کہا کہ عوامی سہولت کے پیش نظر ایٹین ہاؤسنگ سکیم کے ذریعے بند راستہ بہت جلد کھلوا دیا جائے گا تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آر ڈی اے شہریوں کے حقوق کے تحفظ، شہری ترقیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور اپنے دائرہ اختیار میں کسی بھی قسم کے فراڈ یا بدعنوانی کے خلاف بلاامتیاز اور فیصلہ کن اقدامات جاری رکھے گا۔ آر ڈی اے شفافیت کے فروغ، داخلی احتسابی نظام کو مضبوط بنانے اور عوام کو استحصال سے بچانے کے لیے پرعزم ہے۔

ڈی جی آر ڈی اے نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ آر ڈی اے عوامی مفاد میں باقاعدگی سے پریس ریلیزز جاری کرتی ہے اور عوام کو غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کی تلقین کرتی ہے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ آر ڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pk ملاحظہ کریں اور صرف منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیموں کے ساتھ لین دین کریں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ آبگینہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ مسعود ارشد، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن وقار احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ علی رضا، دیگر آر ڈی اے افسران، یونیورسٹی ٹاؤن متاثرین کمیٹی کے سربراہ عمر صدیق خٹک اور ملک بھر سے آئے ہوئے متاثرین نے شرکت کی.