قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار کا اجلاس، پاکستان اسٹیل ملز میں چوری و کرپشن کے انکشافات

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)سید حفیظ الدین کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان اسٹیل ملز میں مبینہ چوری اور کرپشن کے سنگین معاملات زیر غور آئے اجلاس کے دوران کمیٹی ارکان نے اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیل ملز میں مسلسل چوری ہو رہی ہے تاہم انتظامیہ اس حوالے سے واضح معلومات فراہم نہیں کر رہی۔ رکن کمیٹی عبدالحکیم بلوچ نے انکشاف کیا کہ اسٹیل ملز سے اڑھائی کلو گرام قیمتی پلاٹینیم چوری ہو چکا ہے اور سیکیورٹی اہلکار خود کاپر (تانبے) کی چوری میں ملوث ہیں۔

وزارت صنعت و پیداوار کے حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسٹیل ملز میں چوری روکنے کے لیے کاپر کی نیلامی کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق اب تک اسٹیل ملز کے 17 ارب روپے مالیت کے اثاثے فروخت کیے جا چکے ہیں جبکہ 17 ارب روپے کی سبسڈی بھی دی جا چکی ہے حکام نے مزید بتایا کہ فنشڈ پروڈکٹ کی چوری پر قابو پا لیا گیا ہے اور چوری کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ کمیٹی نے معاملے پر مزید سخت اقدامات اور شفاف تحقیقات کی ہدایت کی۔