لاہور(بیورو رپورٹ) موٹروے پولیس نے لاہور کی ایک نجی یونیورسٹی میں دھند اور سموگ میں محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار میں ڈی آئی جی موٹروے پولیس عمران شاہد اور ایس پی شہباز عالم نے شرکت کی اور طلبہ کو روڈ سیفٹی کے اہم نکات سے آگاہ کیا۔

ڈی آئی جی عمران شاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھند کے موسم میں دن کے وقت سفر کو ترجیح دینا چاہیے، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور دورانِ سفر سیٹ بیلٹ کا استعمال جان بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد ہر شہری کی ذمہ داری ہے اور طلبہ کو دفاعی ڈرائیونگ کے حوالے سے بھی آگاہی دی گئی۔

سیمینار کے دوران روڈ سیفٹی اسٹال، سوال و جواب کا سیشن اور طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے تاکہ نوجوان ڈرائیورز میں محفوظ ڈرائیونگ کے اصول مضبوط ہوں۔


