اسلام آباد (کرائم رپورٹر)اسلام آباد پولیس نیو ایئر سکیورٹی پروگرام جاری نیو ائیر نائٹ پر اسلام آباد پولیس کے 3500جبکہ ٹریفک مینیجمنٹ کے لئے 350 پولیس افسران کو تعینات کیا گیا ہے،شہر میں سکیورٹی پر خصوصی دستے اور کوئیک ریسپانس فورس تعینات ہوگی،ہلڑ بازی، ون ویلنگ، سکٹنگ اور ہراسمنٹ کے خلاف سخت کریک ڈاون اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس نے نیوایئرنائٹ کے لئے خصوصی سکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے،نیو ائیر نائٹ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے ،مشکوک عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور ٹریفک کے موثر انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے اسلام آباد پولیس کے 3500جبکہ ٹریفک مینیجمنٹ کے لئے 350 ٹریفک پولیس افسران کو تعینات کیا گیا ہے، شہر میں سکیورٹی پر خصوصی دستے اور کوئیک ریسپانس فورس بھی تعینات ہوگی،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ نیو ایئر نائٹ پر ہلڑ بازی، ون ویلنگ، سکٹنگ اور ہراسمنٹ کے خلاف سخت کریک ڈاون اور قانونی کارروائیاںعمل میں لائی جائیں گی جبکہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،انہوں نے والدین سے گزارش کی کہ وہ اپنے بچوں کو غیرقانونی اقدام سے منع کریں،تمام شہری خوشیاں منائیں لیکن قانون کے دائرے میں رہ کر اور مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں .

دریں اثناایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا اور سی ٹی او اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ حمزہ ہمایوں کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور ٹریفک پولیس کے افسران نے شرکت کی،اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اندرونِ شہر سخت چیکنگ کو یقینی بنایا جائے گا، ہوائی فائرنگ، آتش بازی، ہلڑ بازی، ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی،انہوں نے مزید کہا کہ نئے سال کے موقع پر اہم مقامات، تجارتی مراکز اور مارکیٹس میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے .
تمام افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں گے اور نفری کو بریف کریں گے، سیف سٹی کیمروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے شہر میں تمام سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی،سی ٹی او اسلام آباد نے کہا کہ ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی ٹریفک ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،ٹریفک پولیس کے افسران ٹریفک انتظامات کے ساتھ ساتھ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے آپریشنل پولیس کے ہمراہ موجود رہیں گے،اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے، شہری پرامن اور محفوظ ماحول میں نئے سال کی خوشیاں منائیں.

