اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سال 2025 کے اختتام پر وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے پاکستان کے ڈیجیٹل تبدیلی کے ایجنڈے کے تحت حاصل کی جانے والی نمایاں کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، اپنے سالِ اختتام کے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے فروغ، کنیکٹیویٹی میں توسیع، جدت کے فروغ اور ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات کے میدان میں اہم پیش رفت کی۔
شزا فاطمہ نے مقامی و بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں، آئی ٹی انڈسٹری، ترقیاتی مالیاتی اداروں (DFIs)، سول سوسائٹی، دوست ممالک اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا تعاون اور شراکت داری پر شکریہ ادا کیا ، وفاقی وزیر نے وزیراعظم پاکستان اور پوری حکومتی ٹیم کی قیادت، عزم اور وژن کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی میں پاکستان ڈیجیٹل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت آئندہ بھی ڈیجیٹل شمولیت، ٹیکنالوجی پر مبنی معاشی ترقی اور عوامی خدمات کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی ، پیغام کے اختتام پر وفاقی وزیر نے مستقبل کے لیے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایک مضبوط اور مسابقتی ڈیجیٹل معیشت بنانے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

