اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آذربائیجان کے وزیر معیشت میکائل جباروف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور پاکستان میں آذربائیجان کی جانب سے دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے عملی نفاذ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اعلیٰ سطحی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ایک جامع طریقہ کار جلد حتمی شکل اختیار کرے گا جس کے تحت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو ممکن بنایا جائے گا۔
اسی دوران نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مرحومہ نے اپنی زندگی عوامی خدمت اور قوم کی فلاح و بہبود کے لیے وقف رکھی، اور مشکل اوقات میں ان کی قیادت ایک دیرپا ورثہ چھوڑ گئی۔ اسحاق ڈار نے مرحومہ کے اہل خانہ اور حامیوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ اس مشکل گھڑی میں یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

