اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے صدر پاکستان مسلم لیگ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی موجودہ سیاسی، سماجی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا ملاقات میں صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین اور کمال مندوخیل بھی شریک تھے۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں سول انتظامیہ اور پاک فوج کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن کے باعث امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔
گورنر جعفر مندوخیل نے چوہدری شجاعت حسین کی قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر مشکل وقت میں ملک کی خدمت کی اور ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کے مثبت سیاسی کردار اور صوبائی سطح پر کاوشوں کو بھی سراہا اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے گورنر بلوچستان کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان کے حالات جلد بہتر ہوں گے۔

