اسلام آباد (کرائم رپورٹر )ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک جمیل ظفر کا آپریشنل امور کے متعلق اہم اجلاس کا انعقاد اجلاس میں نفری کی ریشنلائزیشن، اسٹیبلشمنٹ برانچ کے معاملات، تھانوں میں ترقیاتی اور عوامی سہولت کے منصوبوں سمیت ویلفیئر ،ایم ٹی اور اینٹی رائٹ فورس کی استعدادِ کار میں اضافے کے متعلق اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہیڈکوارٹرز ملک جمیل ظفر نے سنٹرل پولیس آفس میں فورس کے آپریشنل امور کے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا، اجلاس میں ایس پی ہیڈکوارٹرز پری گل ترین، ایڈمن آفیسر اور اکاونٹ آفیسر نے شرکت کی، اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز نے ایم ٹی (موٹر ٹرانسپورٹ) سے متعلق معاملات، نفری کی ریشنلائزیشن، اسٹیبلشمنٹ برانچ کے زیرِ التواءامور اور ڈویلپمنٹ برانچ کے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا ، خاص طور پر تھانہ جات میں ترقیاتی کاموں اور عوامی سہولیات سے متعلق منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں مزید موثر اور بروقت مکمل کرنے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کیں، جبکہ پولیس افسران اور اہلکاروں کی ویلفیئر سے متعلق معاملات .

سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا ،انہوں نے اینٹی رائٹ فورس کی استعدادِ کار بڑھانے، تربیت، وسائل اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے بھی افسران کو احکامات جاری کیے،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک جمیل ظفر نے اجلاس کے دوران تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محکمے کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے .

انتظامی معاملات کو پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا جائے اور درپیش چیلنجز کے حل کیلئے عملی اور قابلِ عمل اقدامات یقینی بنائے جائیں، انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، پولیس افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری اولین ترجیحات ہیں، جن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

