راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ نے شیرپاؤ کالونی کا دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی و انتظامی امور پر موقع پر ہی خصوصی ہدایات جاری کیں۔ ڈی جی آر ڈی اے نے میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ اور اسٹیٹ مینیجمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ شیرپاؤ کالونی میں آر ڈی اے کی چار کنال سرکاری اراضی پر جدید سہولیات سے آراستہ ملٹی اسٹوری ہسپتال تعمیر کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے اور ذمہ داران کو نوٹسز جاری کیے جائیں۔ اس موقع پر ڈی جی آر ڈی اے نے شیرپاؤ کالونی میں اتوار بازار کی جگہ کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اس مقام کو خوبصورت بنایا جائے، ٹف ٹائلز لگائی جائیں اور مناسب پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ شہریوں کو سہولت میسر آ سکے۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اس موقع پر واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھیں اور سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات سے اجتناب کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور شہری سہولیات کے تحفظ کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کو صاف، محفوظ اور منظم شہر بنانے کے لیے آر ڈی اے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینیجمنٹ آبگینہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینیجمنٹ مسعود ارشد، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز حافظ محمد عرفان، بلڈنگ سپرنٹنڈنٹ ارسلان شوکت، ایڈمن آفیسر حبیب الرحمن، بلڈنگ انسپکٹر مختار احمد اور دیگر موجود تھے۔

