وزیر داخلہ محسن نقوی کا شنگھائی اربن پلاننگ ہیڈکوارٹر کا دورہ، شہر کی ترقیاتی ماڈلز کا جائزہ لیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرداخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے شنگھائی کے شہری منصوبہ بندی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔شنگھائی اربن پلاننگ کی ہیڈ میڈم چن نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی کو شنگھائی شہر کی ماسٹر پلاننگ۔ ڈویلپمنٹ اور سہولتوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیر داخلہ محسن نقوی کو شنگھائی میں شہری سہولیات کے ساتھ ترقی کے تیز رفتار نظام کے بارے بریف کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کو وڈیوز اور ماڈلز کے ذریعے شنگھائی کے ترقی کے سفراور ماسٹر پلان کے بارے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے شنگھائی کے جدید سہولتوں سے آراستہ سٹیڈیم کا ماڈل بھی دیکھا۔محسن نقوی نے شنگھائی اربن پلاننگ کے تحت تمام معلومات کو جدید طرز پر یکجا کرنے کے نظام میں گہری دلچسپی کااظہار کیا اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام کی تعریف کی۔

وزیر داخلہ نے شنگھائی اربن پلاننگ کے تحت شہر کے نظام کو مربوط اور فول پروف بنانے کے اقدام کو سراہا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شنگھائی شہر تیز ترین ترقی میں اپنی مثال آپ ہے،شنگھائی کی ترقی ہر شہر کے لئے قابل تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو بھی شنگھائی کی طرز پر ڈویلپ کرنا چاہتے ہیں، شنگھائی کی تیز رفتار ترقی سے استفادہ کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں گے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیٹرز بک میں تاثرات بھی درج کئے۔وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔