چیئرپرسن ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ سومرو کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم و تربیت کا اجلاس

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم و تربیت کا اجلاس وفاقی نظامتِ تعلیمات میں چیئرپرسن ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ سومرو کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تعلیمی شعبے سے متعلق متعدد اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں کمیٹی کی سابقہ سفارشات پر عملدرآمد کی جامع رپورٹ پیش کی گئی اور اس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیئرپرسن نے واضح کیا کہ سابق چیئرمین ڈاکٹر اعظم الدین زاہد لکھوی کے بعد بھی کمیٹی اپنے کام کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے۔

اجلاس کے دوران اردو یونیورسٹی کے ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق مسائل زیر بحث آئے تاہم چیئرپرسن نے کہا کہ اس معاملے پر تفصیلی غور آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔کمیٹی میں دی ویسٹ منسٹر یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی بل 2024 پر بھی بحث کی گئی۔ چیئرپرسن نے ایچ ای سی حکام کو بل کے بارے میں بریفنگ دینے کی ہدایت کی جس پر ایچ ای سی حکام نے بتایا کہ بل میں مطلوبہ دستاویزات اور زمین سے متعلق معلومات تاحال مکمل نہیں۔