راولپنڈی ٹریفک پولیس کی سال 2025 میں لائسنسنگ سہولیات میں ریکارڈ کارکردگی، لاکھوں شہری مستفید ہوئے

راولپنڈی (کرائم رپورٹر )راولپنڈی ٹریفک پولیس نے سال 2025لائسنسنگ سہولیات کے حوالے سے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، گزشتہ سال ضلع راولپنڈی میں 13لاکھ 86ہزار887شہریوں کو لائسنسنگ سہولیات فراہم کی گئیں،گزشتہ سال ریکارڈ نئے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، ڈرائیور کے پاس ڈرائیونگ لائسنس کا ہوتا خود مختار ڈرائیونگ کی پہچان ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کی سر براہی میں سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی شہریوں کو لائسنسنگ سہولیات کی فراہمی میں مصروف عمل ہے، گزشتہ سال 13لاکھ 86ہزار887شہریوں کو لائسنسنگ سہولیات فراہم کی گئیں۔

سال 2025میں 4لاکھ 34ہزار سے زائد شہریوں نے ڈرائیونگ لر نر پرمٹ بنائے گئے جبکہ ریکارڈ2لاکھ 44ہزار825 نئے ڈرائیونگ لائسنس اور3ہزار932انٹر نیشنل لائسنس جاری کیے گئے، گزشتہ سال61ہزار535شہریوں نے لائسنسوں کی تجدید،6ہزار174شہریوں نے اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی توثیق کروائی اور 1ہزار 884نے ڈوپلیکیٹ لائسنس حاص کیاجبکہ 6لاکھ30ہزار سے زائد شہریوں کومختلف نوعیت کی دیگر لائسنسنگ سروسزبھی فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال صوبہ بھر میں 50لاکھ سے زائد شہریوں نے ای ڈرائیونگ لائسنس ڈاؤن لو ڈکیے۔

شہریوں کی سہولت اور آسانی کے پیش کیلئےDLIMSویب سائٹ پر آن لائن نئے لرنرپرمٹ، لائسنس کی تجدید سمیت دیگرلائسنسنگ سہولیات فراہم کی گئیں ہیں جس سے شہری گھر بیٹھے بھر پور استفادہ کر سکتے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ضلع راولپنڈی میں نہ صرف لائسنسنگ سینٹرز کی تعداد کو بڑھایا گیا ہے بلکہ دور دراز سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو انکی دہلیز پر لائسنسنگ سہولیات فراہم کرنے کیلئے مزید 2نئے موبائل لائسنسنگ و پولیس اسٹیشن وینز کا بھی اضافہ کیا گیا ہے جس میں ایک لائسنسنگ وین کو صرف خواتین کیلئے مختص کیا گیا ہے۔

سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی جدید ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کرتے ہوئے لائسنسنگ سینٹرز میں لائسنس کے حصول کو صرف اصلی شناختی کارڈ کے ذریعے ممکن بنایا گیا ہے، میرٹ اور شفافیت کے پیش نظر کمپیوٹرائز سائن ٹیسٹ اور ویڈیو آٹومیٹڈ ڈرائیونگ ٹیسٹ کے ذریعے سفارش کلچر کا مکمل خاتمہ کیا گیا.