سیالکوٹ ( بیورو رپورٹ)ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ ائرپورٹ نے سال 2025 کے دوران اپنی سالانہ کارکردگی میں شاندار نتائج حاصل کیے۔ رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی آمد و روانگی کے دوران 9 لاکھ سے زائد مسافروں کو کامیابی سے پروسیس کیا گیا اس دوران 2824 پروازوں سے تقریباً 4 لاکھ 80 ہزار مسافر سیالکوٹ ائرپورٹ سے روانہ ہوئے جبکہ 2825 پروازوں سے تقریباً 4 لاکھ 60 ہزار مسافر مختلف ممالک سے پاکستان پہنچے ایف آئی اے امیگریشن نے سال 2025 کے دوران سنگین جرائم میں مطلوب 116 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ان میں 43 ملزمان کو بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش پر اور 73 ملزمان کو پاکستان آمد پر گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں سے 24 افراد پنجاب پولیس جبکہ 28 افراد اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکلز کے مطلوب تھے۔
مزید برآں، ایف آئی اے نے 44 مسافروں کو جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے سے روک دیا اور 83 مسافروں کو غیر قانونی سمندر کے راستے یورپ جانے سے روکا گیا، جن میں لیبیا کے راستے جانے کے شواہد بھی برآمد ہوئے سال 2025 کے دوران 18 مسافروں کو جعلی ویزا، ٹمپرڈ پاسپورٹ اور جعلی مہروں کے استعمال پر پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا گیا۔ انسانی سمگلنگ جیسے گھناونے جرائم کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ایف آئی اے نے ائرپورٹ پر تعینات افسران کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بین الاقوامی اداروں کی معاونت سے 8 تربیتی سیشنز منعقد کیے، جس میں 114 سے زائد امیگریشن افسران نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے تربیت حاصل کی یہ اقدامات ایف آئی اے امیگریشن کی مسافروں کی محفوظ آمد و رفت اور انسانی سمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کی عکاسی کرتے ہیں۔

