اسلام آباد (کرائم رپورٹر) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)اسلام آباد نے اے ٹی ایم فراڈ کے ذریعے شہریوں کو دھوکہ دینے اور ان کے بینک اکاؤنٹس سے رقم چرانے والے ایک منظم گینگ کے متعدد ملزمان کو مرکزی خاتون سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا ہے۔این سی سی آئی اے حکام نے کیپیٹل نیوز پوائنٹ کو بتایا کہ مرکزی ملزمہ عاصمہ منہاج کو چنیوٹ سے گرفتار کیا گیا ہے، جس کی گرفتاری کے بعد میرا آبادی، اسلام آباد میں مزید چھاپے مارے گئے جن کے نتیجے میں گینگ کے دیگر ارکان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے متعدد اے ٹی ایم اور ڈیبٹ کارڈز، حساس الیکٹرانک مواد اور دیگر مجرمانہ شواہد برآمد کیے گئے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ گینگ اے ٹی ایم مشینوں کے ذریعہ شہریوں کے بینک کھاتوں سے نقد رقم نکالتا تھا۔ مشتبہ افراد نے زیادہ تر مصروف اوقات میں لوگوں کو دھوکہ دہی کے حربے استعمال کرتے ہوئے نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار خاتون سرغنہ ایک اشتہاری مجرم ہے اور فراڈ کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھی۔ نیٹ ورک کے باقی ارکان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں،این سی سی آئی اے حکام نے کہا کہ اے ٹی ایم فراڈ نیٹ ورک میں ملوث تمام سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ گینگ سے منسلک اضافی متاثرین اور مالی روابط کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کو بڑھایا جا رہا ہے۔

