وفاقی وزیرِ ریلوے کی زیر صدارت ریلوے ایڈوانسڈ انفراسٹرکچر نیٹ ورک (RAIN) منصوبے پر اہم اجلاس

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیرِ ریلوے کی زیر صدارت ریلوے ایڈوانسڈ انفراسٹرکچر نیٹ ورک (RAIN) منصوبے پر اہم اجلاس وفاقی وزیر برائے ریلوے، محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت آج ریلوے ایڈوانسڈ انفراسٹرکچر نیٹ ورک (RAIN) منصوبے پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی نے منصوبے کی تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی اور منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیرِ ریلوے کو یقین دہانی کرائی گئی کہ RAIN منصوبے کا فیز ون جون 2026 تک مکمل ہو جائے گا۔ ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی کے مطابق، فیز ون پاکستان ریلوے کے اپنے ریونیو سے مکمل کیا جائے گا، جس سے ادارے کی خود کفالت اور مالی استحکام میں اضافہ ہوگا۔

RAIN منصوبہ پاکستان ریلوے کی تاریخ کا سب سے جامع ڈیجیٹائزیشن منصوبہ ہے، جس کا پہلا مرحلہ مکمل طور پر ایکزیکیوٹ ہو چکا ہے۔ فیز ون کے تحت:
• تمام ٹرینوں اور لوکوموٹیوز کی GPS ٹریکنگ متعارف کرائی جائے گی۔
• راولپنڈیریلوے اسٹیشن کے کامیاب ماڈل کے بعد، تمام بڑے ریلوے اسٹیشنز پر سیف اینڈ اسمارٹ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔
• منتخب اسٹیشنز پر تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کیا جائے گا۔
• لاہور ہیڈکوارٹر اور تمام ڈویژنز میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔
• ML-1 کے 1700 کلومیٹر ریلوے نیٹ ورک کی فائبرائزیشن فیز ون کا حصہ ہے۔
• ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور ڈیٹا بیسڈ فیصلوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

وزیرِ ریلوے نے اجلاس میں کہا کہ RAIN منصوبے کے نفاذ سے ٹرینوں کی تاخیر اور حادثات میں نمایاں کمی آئے گی، مسافر سہولیات بہتر ہوں گی اور آپریشنل کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز کے ذریعے ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردِعمل ممکن ہوگا،وزیرِ ریلوے نے کہا کہ RAIN منصوبہ پاکستان ریلوے کو جدید، محفوظ اور مسافر دوست ادارہ بنانے کی سمت ایک مضبوط قدم ہے۔