گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کا خیر مقدم

پشاور (بیورو رپورٹ)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں علامہ راجہ ناصر کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کاخیر مقدم کرتے ہوئے اسے ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے۔ گورنر ہائوس پشاور کے دفتر سے جاری بیان کےمطابق گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پارلیمانی نظام میں حکومتی اور اپوزیشن بینچز مل کر نظام کو آگے بڑھاتے ہیں اور مضبوط اپوزیشن جمہوری عمل کو مؤثر بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے اور پارلیمان میں مثبت، تعمیری کردار ادا کرنا ملکی مفاد میں ہے۔گورنرفیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس وقت ذمہ دارانہ اور بالغ نظر سیاسی قیادت کی ضرورت ہے جو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی اپوزیشن قیادت پارلیمانی روایات کو مضبوط بنانے اور عوامی مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن لیڈرز کی تعیناتی کو ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے خوش آئند پیش رفت قراردیا ۔