اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے مؤثر، مدبر اور دور اندیش سفارت کاری کے ذریعے واشنگٹن میں خود کو ایک قابلِ اعتماد اور ناگزیر شراکت دار کے طور پر دوبارہ منوا لیا ہے اتوار کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی جریدے دی ڈپلومیٹ کے مطابق پاکستان نے علاقائی کشیدگی کو ایک بڑے عالمی سفارتی موقع میں بدل کر امریکا کے ساتھ تعلقات کو نئی سمت دی ہے۔
انہوں نے چار روزہ پاک بھارت جنگ کے بعد صدر ٹرمپ کی پاکستانی آرمی چیف کو وائٹ ہاؤس دعوت، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا اعلیٰ سطحی دورہ، انسداد دہشت گردی تعاون کی بحالی، ٹیرف میں کمی، امریکی سرمایہ کاری، تیل کے ذخائر کی ترقی، ایف۔16 اپ گریڈ پیکج اور اسٹریٹجک اقتصادی روابط کو پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کے واضح ثبوت قرار دیا۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بھارت سفارتی تنہائی، بھاری امریکی ٹیرف اور تجارتی نقصانات کا شکار ہو چکا ہے جبکہ پاکستان نے عالمی سیاست میں اپنی اسٹریٹجک اہمیت کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی دانشمندانہ سفارت کاری کو علاقائی چیلنجز کو عالمی کامیابی میں بدلنے کی روشن مثال قرار دیا۔

