آرڈی اے نے چنار ویلی ہاؤسنگ سکیم میں غیر قانونی ترقیاتی ڈویلپمنٹ کو مسمار کر دیا۔

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایات پر آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے موضع بندہ نگیال، دھمیال روڈ راولپنڈی میں واقع چنار ویلی ہاؤسنگ سکیم کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی ترقیاتی سرگرمیوں بشمول غیر مجاز پلاٹنگ، سڑکوں اور انفراسٹرکچر کو مسمار کر دیا گیا، جبکہ گھروں کی غیر قانونی ڈی پی سی اور باؤنڈری والز بھی گرا دی گئیں۔ انفورسمنٹ اسکواڈ نے ڈویلپرز کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر تمام تعمیراتی سرگرمیاں بند کریں اور بغیر کسی تاخیر کے متعلقہ قوانین و ضوابط کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے واضح کیا کہ آر ڈی اے کسی بھی قسم کی غیر قانونی یا غیر مجاز ترقی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے تحفظ، شہری منصوبہ بندی میں نظم و ضبط کو یقینی بنانے اور فراڈ پر مبنی ہاؤسنگ سکیموں کی روک تھام کے لیے سخت انفورسمنٹ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آر ڈی اے شہریوں کو سختی سے ہدایت کرتا ہے کہ وہ غیر مجاز ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں اور کسی بھی منصوبے میں سرمایہ لگانے سے قبل اس کی قانونی حیثیت آر ڈی اے کے سرکاری پلیٹ فارمز سے ضرور تصدیق کریں۔ ڈی جی آر ڈی اے نے ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام غیر قانونی اور غیر مجاز ہاؤسنگ سکیموں، کمرشل سرگرمیوں، بکنگ دفاتر اور تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ آر ڈی اے شہریوں کے حقوق کے تحفظ، شہری ترقیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی یا بدعنوانی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

اتھارٹی شفافیت کے فروغ، داخلی احتسابی نظام کو مضبوط بنانے اور عوام کو استحصال سے بچانے کے لیے پُرعزم ہے۔ مزید برآں، آر ڈی اے باقاعدگی سے پریس ریلیزز جاری کرتا ہے تاکہ عوام کو آگاہ رکھا جا سکے اور شہریوں کو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے بچنے کی تلقین کی جاتی ہے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ آر ڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pk
ملاحظہ کریں اور صرف منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے ساتھ لین دین کریں۔ یہ کارروائی آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے انجام دی، جس میں بلڈنگ سروئیر ملک عامر محمود، بلڈنگ سپرنٹنڈنٹ فہد بھٹی، سکیم انسپکٹر عمران جعفری اور دیگرسٹاف عملہ شامل تھا۔