اسلام آباد (کرائم رپورٹر)ایف آئی اے ملتان زون نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی رقوم میں غیر قانونی کٹوتیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے جس کے دوران 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے گرفتار ملزمان میں محمد افضل، محمد بنارس، محمد شکیل، محمد عابد، شکیل احمد، محمد شہزاد، ثناء اللہ، محمد شہباز، محمد حبیب اور محمد کاشف شامل ہیں۔ ملزمان کو بہاولپور، راجن پور اور وہاڑی سے حراست میں لیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان مستحق خواتین کو دی جانے والی مالی امداد میں سے فی کس 1000 سے 1500 روپے غیر قانونی کمیشن کے طور پر وصول کر رہے تھے ملزمان کے قبضے سے متعدد شناختی کارڈز، رجسٹرز، موبائل فونز، بینک کنیکٹ ڈیوائسز اور دیگر متعلقہ مواد برآمد کیا گیا ہے ایف آئی اے نے مزید تفتیش کا عمل جاری رکھتے ہوئے کہا ہے کہ پروگرام کی رقوم میں ہونے والی دیگر ممکنہ غیر قانونی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید کارروائی کی جائے گی۔

