اسلام آباد (کرائم رپورٹر ) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا فورس کی فلا ح و بہبود کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا، جبکہ اس عزم کا اعادہ کیا کہ بہترین سہولیات کی فراہمی سے پولیس افسران کی کارکردگی میں نکھار پیدا ہوگا اور شہریوں کی خدمت مزید احسن انداز میں ممکن بنائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی نے پولیس فورس کی فلاح و بہبو د کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد کیا، اجلاس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک جمیل ظفر، اے آئی جی لاجسٹکس، اے آئی جی جنرل، اے آئی جی آپریشنز اور ایس پی ہیڈکوارٹرز نے شرکت کی،اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا ،جبکہ منصوبوں پر موثر عملدرآمد کی ہدایات جاری کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بہترین سہولیات کی فراہمی سے پولیس افسران کی کارکردگی میں نکھار پیدا ہوگا اور شہریوں کی خدمت مزید احسن انداز میں ممکن بنائی جائے گی .

آئی جی اسلام آباد نے پولیس اہلکاروں کو درکار سہولیات کی بروقت فراہمی کیلئے بھی خصوصی احکامات جاری کئے تاکہ افسران اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کر سکیں،انہوں نے افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور اصلاحات کے ذریعے عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہترکیا جائے،اس موقع پر افسران نے مختلف ترقیاتی و فلاحی منصوبوں پر آئی جی اسلام آباد کوبریفنگ بھی دی جبکہ لاجسٹکس ونگ کو ہدایت دی گئی کہ تمام فیلڈ یونٹس کو درکار سہولیات اور ساز و سامان کی ترسیل کو شفاف اور موثر بنایا جائے تاکہ تمام انتظامی امور کو پیشہ وارانہ انداز میں سرانجام دیا جاسکے.

