اسلام آباد (کامرس رپورٹر)پاکستان کسٹمز اور ازبکستان کے اسٹیٹ کسٹمز کمیٹی نے 22 جنوری 2026 سے پیشگی کسٹمز معلومات کے الیکٹرانک تبادلے کو کامیابی سے عملی شکل دے دی ہے، جو دونوں اداروں کے درمیان طے پانے والے مفاہمت نامے (MoU) کا حصہ ہے۔
اس اقدام میں پاکستان سنگل ونڈو (PSW) نے مرکزی کردار ادا کیا، جس نے WeBOC سسٹم کو بہتر بنایا تاکہ کسٹمز افسران تبادلہ شدہ ڈیٹا کو عملی طور پر استعمال کر سکیں۔ سسٹم میں یہ بہتریاں کسٹمز ڈیکلیریشنز کی پراسیسنگ کو تیز، خطرے کی تشخیص کو مؤثر، اور بارڈر اسٹیشنز پر مال کی رہائش کا وقت کم کرنے میں مددگار ثابت ہوئی ہیں یہ تبادلہ دیگر خطی شراکت داروں کے ساتھ منصوبہ بند کسٹمز ڈیٹا شیئرنگ معاہدوں کی پہلی کڑی ہے۔ اس اقدام کا مقصد وسطی ایشیا کے علاقائی اقتصادی تعاون (CAREC) پروگرام کے تحت تجارتی سہولت کاری، کسٹمز تعاون اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان یہ انضمام جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کو جوڑنے والے مضبوط ڈیجیٹل تجارتی راستوں کے قیام میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
پاکستان کسٹمز، پاکستان سنگل ونڈو اور ازبکستان کے اسٹیٹ کسٹمز کمیٹی کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں اس تبادلے کو عملی شکل دی گئی، جس سے خطے میں کسٹمز تعاون اور تجارتی سہولت کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ اقدام CAREC رکن ممالک کے درمیان بارڈر مینجمنٹ سسٹمز کو ہم آہنگ بنانے کے وسیع تر مقصد کی بھی حمایت کرتا ہے۔

