اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان بحری تعاون کو فروغ دینے اور تجارتی روابط بڑھانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فیری سروس کے آغاز کی تجویز زیر غور آئی۔ وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ فیری سروس کے اجرا سے سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا اور عوامی روابط کو بھی تقویت ملے گی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہِ راست شپنگ لائن کے قیام پر بھی گفتگو کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ براہِ راست شپنگ لائن سے دوطرفہ تجارت کو نئی جہت ملے گی اور تجارتی لاگت میں کمی آئے گی جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ خطے میں بحری روابط کے فروغ سے معاشی استحکام کو تقویت ملے گی اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکتا ہے ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

