لاہور (بیورو رپورٹ ) مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث فضائی بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور پانچ روز کے دوران 8 ممالک کی منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرگئی فلائٹ شیڈول کے مطابق پاکستان سے آج مسلسل چھٹے روز بھی مشرق وسطیٰ کے لیے پروازیں متاثر رہیں اور مجموعی طور پر 145 پروازیں منسوخ کردی گئیں ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے مشرق وسطیٰ کے لیے 35، لاہور سے 29، ملتان سے 12 پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ اسلام آباد سے 35، پشاور سے 14، سیالکوٹ سے 12 اور فیصل آباد سے 6 پروازیں بھی منسوخی کا شکار ہوئیں۔
اس کے علاوہ کوئٹہ سے مشرق وسطیٰ کے لیے 2 پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں دوسری جانب خلیجی ممالک میں ہنگامی انخلا کے پیش نظر دبئی، ابوظبی اور شارجہ ائیرپورٹس سے 167 خصوصی پروازیں آپریٹ کی گئیں رپورٹس کے مطابق حملوں کے باعث ریاض اور دمام کے فضائی آپریشن بھی متاثر ہوئے، جہاں بدھ کے روز 57 پروازیں منسوخ جبکہ 46 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں علاوہ ازیں دبئی، ابوظبی، شارجہ، کویت، بحرین اور دوحہ سمیت خطے کے کئی ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر رہا۔ کویت اور دوحہ سے گزشتہ پانچ روز کے دوران ایک بھی پرواز آپریٹ نہیں ہوسکی فضائی ڈیٹا کے مطابق ایران کی 240، عراق کی 215، بیروت کی 58، حیفا کی 25 اور تل ابیب کی 380 پروازیں بھی منسوخ کی جاچکی ہیں۔

