ٹائمز امیگریشن فراڈ کیس کا مرکزی ملزم لاہور سے گرفتار، 25 کروڑ روپے سے زائد دھوکہ دہی کا انکشاف

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) بڑے امیگریشن فراڈ کیس کا مرکزی ملزم گرفتار وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ ٹائمز امیگریشن فراڈ کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا، جسے اسلام آباد کی تاریخ کے بڑے امیگریشن اسکینڈلز میں شمار کیا جا رہا ہے، ایف آئی اے کے مطابق ملزم جعلی نام جنید بٹ استعمال کر رہا تھا جبکہ اس کی اصل شناخت ایم جہانزیب کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کو طویل انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کے بعد لاہور سے گرفتار کیا گیا۔

تحقیقات کے مطابق ملزم ٹائمز امیگریشن اسکینڈل کا مرکزی کردار ہے، جس کے ذریعے ہزاروں شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے کے نام پر لوٹا گیا۔ متاثرین کو امیگرنٹ، اسٹوڈنٹ اور فیملی ویزوں کے نام پر دھوکہ دیا جاتا تھا۔ یہ نیٹ ورک اسلام آباد کے جی-11 مرکز، گیگا مال اور لاہور کے لبرٹی مارکیٹ سمیت مختلف دفاتر سے کام کر رہا تھا جبکہ اس کے روابط متحدہ عرب امارات (یو اے ای) تک پھیلے ہوئے تھے، ایف آئی اے کی تحقیقات کے دوران کمپنی کے متعدد بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا گیا جن کے ذریعے مالی لین دین کیا جاتا تھا۔ ان میں سابقہ فاٹا ریجن سے منسلک کئی اکاؤنٹس بھی شامل ہیں جن کی مزید جانچ جاری ہے۔ حکام کے مطابق ابتدائی تخمینے کے مطابق اس اسکینڈل میں تقریباً 25 کروڑ روپے سے زائد رقم کا فراڈ کیا گیا۔

تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر فراڈ سے حاصل ہونے والی رقم سے متعدد جائیدادیں خریدیں جو اس نے اپنی پہلی بیوی مریم اور دوسری بیوی کنیز فاطمہ عرف دیدار ملتانی (لاہور کی اسٹیج اداکارہ) کے نام پر بنائیں، ایف آئی اے نے جدید تکنیکی ذرائع، انٹیلی جنس معلومات اور مختلف اداروں کے تعاون سے ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کیا، مزید یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ لاہور میں ایک الگ انکوائری جاری ہے جہاں ملزم نے ایمپائر مال لبرٹی لاہور میں انٹرنیشنل ویزا کنسلٹنٹ (IVC) کے نام سے ایک جعلی کمپنی قائم کر رکھی تھی اور وہاں میان زوہیب کے نام سے سرگرم تھا۔ ایسے شہری جو اس کمپنی کے ذریعے متاثر ہوئے ہوں انہیں ایف آئی اے لاہور زون سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ کارروائی انسپکٹر عبداللہ کیانی (FIA AHTC اسلام آباد) اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ندیم ظفر (اسلام آباد زون) کی ٹیم نے ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد شہزاد ندیم بخاری کی نگرانی میں انجام دی، جبکہ ایف آئی اے لاہور زون نے بھی مکمل تعاون فراہم کیا، ایف آئی اے حکام کے مطابق یہ کامیابی حالیہ برسوں میں انسانی اسمگلنگ اور امیگریشن فراڈ کے خلاف بڑی پیش رفت ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔