مظفرآباد (بیورو رپورٹ) آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں نے زور پکڑ لیا ہے اور آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں، ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے 28 مارچ کو سیاسی جماعتوں کا ایک اہم سربراہی اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں آزاد کشمیر کی تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کے صدور اور نمائندوں کو مدعو کیا گیا ہے،اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے صدور کی شرکت متوقع ہے، جبکہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس اور جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی سمیت دیگر رجسٹرڈ جماعتوں کی قیادت کی شرکت بھی متوقع ہے۔
تاہم پاکستان تحریک انصاف کی شرکت تاحال غیر یقینی ہے، کیونکہ آزاد کشمیر میں اس کی رجسٹریشن کے حوالے سے تنازع برقرار ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ عام انتخابات جولائی 2026 کے آخر میں متوقع ہیں اور الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اجلاس میں انتخابی شیڈول، ٹائم لائن اور اہم مراحل پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی ،مزید برآں حلقہ بندی، ووٹر فہرستوں کی تیاری اور کاغذات نامزدگی کے عمل پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی، جبکہ ووٹر لسٹس کی اپ ڈیٹ، اعتراضات کے ازالے اور شفافیت کو یقینی بنانے سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق نادرا کے ساتھ ڈیجیٹل روابط کو مزید مؤثر بنانے اور انتخابی ڈیٹا کی بہتری پر بھی غور کیا جائے گا، اجلاس میں سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن اور اہلیت سے متعلق معاملات کو خصوصی اہمیت دی جائے گی، جبکہ 2024 میں منسوخ کی گئی جماعتوں اور نئی رجسٹریشنز کا بھی جائزہ لیا جائے گا،اس کے علاوہ انتخابی ضابطہ اخلاق، انتخابی مہم کے قواعد اور خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی کے طریقہ کار پر بھی مشاورت ہوگی۔ پولنگ کے دوران سیکیورٹی پلان اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے اقدامات بھی زیر بحث آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے مبصرین اور میڈیا کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ سیاسی جماعتوں کو اپنے تحفظات، تجاویز اور شکایات پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا، الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں شفاف، آزاد اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

