سید نوید قمر کی عالمی پارلیمانی فورم کی صدارت پر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی مبارکباد

اسلام آباد (ستاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سید نوید قمر کو پارلیمنٹرینز فار گلوبل ایکشن کا مسلسل دوسری مرتبہ بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔۔ سماجی رابطے’’ ایکس‘‘ پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یہ پورے پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے ۔سید نوید قمر کا دوبارہ اس اہم عالمی پارلیمانی فورم کا صدر منتخب ہونا ان کی بصیرت، تجربے اور قیادت پر عالمی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے نہ صرف انسانی حقوق، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا بلکہ پاکستان کا مثبت تشخص بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان کی پارلیمانی قیادت عالمی سطح پر موثر، باوقار اور فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ امید ہے کہ سید نوید قمر اپنی قیادت میں عالمی پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط کریں گے اور بین الاقوامی سطح پر اہم پیش رفت کا باعث بنیں گے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پوری قوم کو اس کامیابی پر فخر ہے۔