اسلام آباد(کورٹ رپورٹر) جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں ججز کے تبادلوں سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں تبادلوں سے متعلق اجلاس کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے جبکہ پشاور ہائیکورٹ میں ججز کے تبادلے سے متعلق دوسرا اجلاس جاری ہے اجلاس کی صدارت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کر رہے ہیں، جس میں اعلیٰ عدلیہ میں تقرریوں اور تبادلوں پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں جسٹس محسن اختر کیانی کے اسلام آباد ہائیکورٹ سے لاہور ہائیکورٹ جبکہ جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے سندھ ہائیکورٹ تبادلے کی منظوری دے دی گئی ہے دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جسٹس سرفراز ڈوگر نے جسٹس ارباب طاہر اور جسٹس خادم سومرو کے تبادلوں کی سفارش واپس لے لی ہے یاد رہے کہ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں مختلف ہائیکورٹس کے ججز کے تبادلوں اور تقرریوں سے متعلق امور پر غور جاری ہے اور مزید فیصلوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

