غیر قانونی ادویات کی تیاری و فروخت کے خلاف بڑی کارروائی، ایک ملزم گرفتار

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے غیر قانونی اور بغیر لائسنس ادویات کی تیاری اور فروخت کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان ڈریپ کے تعاون سے کی گئی۔

کارروائی کے دوران ایک غیر قانونی ادویات سازی یونٹ پر چھاپہ مارا گیا جو بغیر اجازت جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات تیار کر رہا تھا۔ چھاپے میں بھاری مقدار میں تیار شدہ جعلی ادویات، خام مال اور ادویات سازی کی مشینری برآمد ہوئی ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والی ادویات میں جنسی طاقت بڑھانے والی ادویات، درد کش ادویات، لائف سیونگ ادویات اور جعلی پیناڈول شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ نیٹ ورک منظم طور پر غیر قانونی ادویات کی تیاری اور فروخت میں ملوث تھا۔

ایف آئی اے نے موقع پر موجود ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ یونٹ کو ڈریپ کی نگرانی میں سیل کر دیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے ترجمان نے بتایا کہ مزید ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور غیر قانونی ادویات کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں سخت کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔