اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے وزیر چوہدری محمد رشید کو وزارت سے برطرف کر دیا, چوہدری محمد رشید پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے وزیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، چوہدری محمد رشید کی برطرفی کی اطلاع وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر عزادار کاظمی نے سوشل میڈیا کے ذریعے جاری کی، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں مختلف چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں۔
ذرائع کے مطابق چوہدری محمد رشید کی ممکنہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی خبروں کے بعد حکومت نے یہ اہم فیصلہ کیا۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں رانا ثناء اللہ سے ان کی ملاقات نے حکومتی ایوانوں میں تشویش پیدا کر دی تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد آزاد کشمیر حکومت نے سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا، جس کے بعد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے فوری طور پر وزارت واپس لینے کا فیصلہ کیا۔
چوہدری محمد رشید کی برطرفی کے بعد آزاد کشمیر کی سیاست میں نئی صف بندیاں متوقع ہیں جبکہ ان کی آئندہ سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے بھی مختلف قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ سیاسی تجزیہ کار اس پیش رفت کو آزاد کشمیر میں بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کا اہم اشارہ قرار دے رہے ہیں۔

