این ڈی ایم اے کے زیر اہتمام قومی مکالمہ اختتام پذیر، آفات سے نمٹنے کیلئے پیشگی تیاری پر زور

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام دوسرا دو روزہ قومی مکالمہ اختتام پذیر ہوگیا، جس میں پیشگی تیاری اور بروقت اقدامات کے موضوع پر 200 سے زائد قومی و بین الاقوامی ماہرین اور اداروں نے شرکت کی۔

مکالمے میں موسمیاتی خطرات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی لائحہ عمل کو قومی اور صوبائی نظام کا حصہ بنانے پر زور دیا گیا۔ ماہرین نے سیلاب، گرمی کی شدید لہر، خشک سالی، گلیشائی جھیلوں کے سیلاب اور وبائی امراض جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے فوری اور بروقت اقدامات کو ناگزیر قرار دیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل Inam Haider Malik نے کہا کہ پیشگی اقدامات اور قبل از وقت تیاری آج پاکستان کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت وارننگ اور مربوط ادارہ جاتی ردعمل سے انسانی اور معاشی نقصانات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں ایک مربوط، فعال اور مؤثر ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ ماہرین نے موسمیاتی آفات سے متعلق ڈیٹا سسٹمز کو مزید مضبوط بنانے اور پیشگی تیاری کو سوشل پروٹیکشن اور ڈیزاسٹر رسک فنانسنگ سے جوڑنے کی سفارشات پیش کیں مکالمے میں کمزور اور خطرے سے دوچار آبادیوں کے تحفظ کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا گیا جبکہ حکومتی اداروں، فلاحی تنظیموں، سائنسی اداروں، میڈیا اور مقامی کمیونٹیز کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔

این ڈی ایم اے کے تحت پیشگی اقدامات اور بروقت تیاری کے لیے ایک قومی روڈ میپ تیار کرنے پر اتفاق ہوا، جبکہ ادارے نے مشترکہ اقدامات اور مؤثر رابطہ کاری کے تسلسل کے عزم کا اظہار کیا۔