لاہور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے یومِ بحریہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں سمندری حدود کے دفاع اور ملکی سلامتی کیلئے خدمات انجام دینے والے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ، مریم نوازشریف نے پاک بحریہ کے شہدا اور غازیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی نے ہر موقع پر اپنی شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر کے دشمن پر اپنی برتری ثابت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ 8 ستمبر کو پاک بحریہ نے تاریخی آپریشن میں کامیابی حاصل کر کے دشمن پر اپنی برتری کی دھاک بٹھا دی، بحریۂ ہند میں پاک بحریہ کی آبدوز غازی نے بحری جنگ میں شاندار تاریخ رقم کی ، انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نہ صرف ملکی سمندری حدود کے دفاع بلکہ بحری تجارت کے فروغ اور تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے، موجودہ عالمی حالات میں آبنائے ہرمز پر کشیدگی کے باوجود پاکستانی پرچم بردار تجارتی بحری جہازوں کی بلا تعطل آمدورفت یقینی بنانے میں پاک بحریہ کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ اپنی شاندار عوامی خدمات کے ذریعے بحری سفارتکاری بھی سرانجام دے رہی ہے، جبکہ جدید آبدوزوں، کروز اور بیلسٹک میزائلوں سمیت جدید ترین بحری اثاثے پاک بحریہ کو دنیا بھر میں نمایاں مقام دلاتے ہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب نے دعا کی کہ پاک بحریہ مستقبل میں بھی اپنی شاندار بحری روایات کا عظیم الشان تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ملک کے دفاع، سلامتی اور وقار کے لیے اسی جذبے سے خدمات انجام دیتی رہے۔

